چھ ماہ میں 29 ارب کی اسمگل شدہ اشیا ضبط

December 25, 2020 · اہم خبریں, کامرس
گزشتہ مالی سال جولائی تا دسمبر21 ارب روپے کی اشیا ضبط کی گئی تھیں، متعلقہ اداروں کی کارکردگی میں37 فیصداضافہ ہوا

جولائی سے دسمبر تک وفاقی محکموں نے 29 ارب روپے کی اسمگل شدہ اشیاء ضبط کی ہیں جو گزشتہ برس کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے اعلامیہ کے مطابق رواں مالی سال اسمگل شدہ اشیاء کی ضبطگی اور ڈیوٹی ڈرابیک کی ادائیگی میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔
رواں مالی سال جولائی تا دسمبر 29 ارب روپے مالیت کی سمگل شدہ اشیاء ضبط کی گئیں جو کہ پچھلے سال 21 ارب روپے کی تھی۔ اس طرح رواں سال ضبط شدہ اشیاء کی مالیت میں 37 فیصداضافہ حاصل ہوا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق اسی طرح ڈیوٹی ڈرابیک کی مد میں رواں مالی سال اب تک 5 ارب روپے ادا کیے جا چکے ہیں۔ پاکستان کسٹمز نے اسمگلنگ کے خلاف جاری آپریشنز کو تیز تر کر دیا ہے تا کہ مقامی تاجر جو قانونی تجارت کررہے ہیں، ان کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے اور اسمگل شدہ اشیاء کے معیشت پر منفی اثرات کو ختم کیا جا سکے۔