علیمہ خان کا شناختی کارڈ،پاسپورٹ بلاک؛بینک اکاؤنٹس منجمد
October 30, 2025 · قومی
راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت کے حکم پر پاکستان تحریک انصاف کی رہنما علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کر دیا گیا، جب کہ ان کے بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کر دیے گئے ہیں۔
عدالتی حکم کے مطابق چیئرمین نادرا نے علیمہ خان کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔
سماعت کے دوران گورنر اسٹیٹ بینک کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک بھر کے تمام بینکوں کو سرکلر جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت علیمہ خان کے تمام اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عدالت کے احکامات پر مکمل عمل درآمد کر لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کی جانب سے چھٹی مرتبہ علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے، جن میں انہیں گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔