لاہور میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک پہنچ گئی،AQI 517 ریکارڈ
لاہور میں فضائی معیار خطرناک سطح تک پہنچ گیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی شرح درج ذیل ریکارڈ کی گئی: راوی روڈ 302، لوئر مال 515، اقبال ٹاؤن 517، ساندہ روڈ 497، ایف سی کالج 466، صدر کینٹ 437۔ فیصل آباد میں AQI 410 اور ملتان میں 367 تک پہنچ گیا ہے۔
ماہرین ماحولیات نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے پرہیز، ماسک کا استعمال اور صبح کے اوقات میں کھلی فضا میں سرگرمیوں سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
ادھر، سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لیے گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف چوبیس گھنٹے کارروائیاں جاری رکھیں۔
نومبر کے پہلے ہفتے میں لاہور میں 4184 گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا، 877 گاڑیوں کے چالان، 288 گاڑیاں بند، اور اوورلوڈنگ کرنے والی 671 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ مجموعی طور پر 80 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ انسداد سموگ خلاف ورزیوں پر 255 ایف آئی آرز درج اور 208 ڈرائیورز کو گرفتار کیا گیا۔
یہ اقدامات شہریوں کی صحت اور فضائی معیار کو بہتر بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔