مری: 13 سالہ عبدالمعیز کا لرزہ خیز قتل، لاش خالی مکان سے لٹکی ملی

February 11, 2026 · قومی

مری: سیاحتی مقام مری کے نواحی علاقے دیول میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے جہاں 13 سالہ بچے کو مبینہ زیادتی اور بدترین تشدد کے بعد قتل کر دیا گیا۔ سفاک قاتلوں نے واردات کو خودکشی کا رنگ دینے کے لیے معصوم کی لاش کو ایک خالی مکان میں چھت سے لٹکا دیا،جسم پر موجود تشدد کے نشانات نے ظلم کی داستان بے نقاب کر دی۔

تفصیلات کے مطابق، لوئر دیول (تھانہ پھگواڑی کی حدود) کا رہائشی 13 سالہ عبدالمعیز منگل کی دوپہر گھر سے نکلا تھا لیکن شام ڈھلنے تک واپس نہ آیا۔ اہل خانہ نے اپنے طور پر تلاش شروع کی اور کامیابی نہ ملنے پر تھانہ پھگواڑی میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔ رات بھر والدین اور قریبی رشتہ دار اپنے لختِ جگر کو ڈھونڈتے رہے، مگر انہیں کیا معلوم تھا کہ ان کا سہارا اب اس دنیا میں نہیں رہا۔

بدھ کی صبح جب معیز کے والد اور چچا فجر کی نماز کے لیے گئے تو انہیں پڑوس میں واقع ایک کچے مکان میں بچے کی لاش لٹکی ہوئی ملی۔

 عینی شاہدین اور پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ معیز کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات پائے گئے ہیں۔ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مقتول کو قتل سے قبل مبینہ زیادتی کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے۔

پولیس اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال مری منتقل کر دیا گیا ہے۔

پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی اور محنت کش باپ کا سہارا چھین لیا گیا۔ پورے دیول کی فضا سوگوار ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔

پولیس نے مقتول کے والدین کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد حقائق مزید واضح ہوں گے اور ملوث درندوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

علاقہ مکینوں نے آئی جی پنجاب اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے نشانِ عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی درندگی کی جرات نہ کر سکے۔