بیجنگ میں جاپان پر فتح کی 80ویں سالگرہ پر شاندار فوجی پریڈ
بیجنگ میں دوسری جنگِ عظیم میں جاپان پر فتح کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر شاندار فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ آج دنیا امن یا جنگ کے انتخاب کے دوراہے پر کھڑی ہے، اور یہ بھی واضح کیا کہ چینی قوم کسی دھونس یا دباؤ سے مرعوب نہیں ہوگی۔
تیانمن اسکوائر پر ہونے والی پریڈ میں فضائیہ، بحریہ اور بری فوج کے دستوں نے بھرپور انداز میں شرکت کی اور صدر شی کو سلامی پیش کی۔ اس دوران ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، قومی ترانے کی دھنیں گونجیں اور توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ تقریب میں جدید اسلحہ، ہائپر سونک میزائل، ڈرونز اور ٹینکوں کی بھی نمائش کی گئی۔
تقریب میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، ایران کے صدر مسعود پزشکیان سمیت 26 عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔ جاپان کے خلاف جنگ لڑنے والے چین کے ریٹائرڈ فوجی بھی موجود تھے۔
صدر شی جن پنگ نے عالمی رہنماؤں کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ چینی عوام امن کے لیے پرعزم ہیں اور تاریخ کے درست رخ پر کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کی ترقی اور خوشحالی کو کوئی نہیں روک سکتا، چینی فوج ایک مضبوط اور قابل اعتماد قوت ہے، اور ہم ایسا عالمی نظام چاہتے ہیں جو انصاف اور مساوات پر مبنی ہو۔
انہوں نے یقین دلایا کہ چین اپنے ماضی کی مشکلات کسی دوسرے ملک پر مسلط نہیں کرے گا اور دنیا سے اپیل کی کہ ایسے اقدامات کیے جائیں تاکہ تاریخ کے سانحات دوبارہ جنم نہ لیں۔