ایشیا کپ فائنل،بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹ سے ہرا دیا

September 28, 2025 · اسپورٹس, اہم خبریں

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر نواں ایشیا کپ اپنے نام کر لیا۔ یہ پہلی بار تھا کہ ٹورنامنٹ کی 41 سالہ تاریخ میں پاک بھارت ٹیمیں براہِ راست فائنل میں آمنے سامنے ہوئیں۔

پاکستان کی جانب سے دیے گئے 147 رنز کے ہدف کو بھارتی ٹیم نے آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ تلک ورما نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 69 رنز اسکور کیے جبکہ شیوم دوبے 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کے فاسٹ باؤلرز نے شروعات میں اچھی کارکردگی دکھائی، فہیم اشرف نے ابھیشک شرما (5) اور شبمن گل (10) کو پویلین بھیجا۔ شاہین شاہ آفریدی نے کپتان سوریا کمار یادیو کو صرف ایک رن پر آؤٹ کیا۔ تاہم بھارتی بلے بازوں نے بعد میں بہتر شراکت داری کے ذریعے میچ اپنے حق میں کر لیا۔

اس سے قبل بھارت کے کپتان سوریا کمار یادیو نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی ٹیم 19.1 اوورز میں 146 رنز بنا سکی۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے سب سے زیادہ 57 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ فخر زمان نے 46 رنز اسکور کیے۔ باقی بلے باز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے اور 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بمراہ، اکشر پٹیل اور چکراورتی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اہم بات یہ رہی کہ میچ کے آغاز میں ایک بار پھر ٹاس کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ہاتھ نہیں ملایا، تاہم پہلی مرتبہ کمنٹیٹرز نے دونوں کپتانوں سے علیحدہ علیحدہ گفتگو کی۔

بھارتی ٹیم کو میچ سے قبل بڑا دھچکا لگا جب آل راؤنڈر ہاردیک پانڈیا انجری کے باعث فائنل سے باہر ہو گئے اور رنکو سنگھ کو بطور متبادل شامل کیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے پاکستان نے سپر فور مرحلے کے اہم مقابلے میں بنگلادیش کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ پاک بھارت ٹیمیں اب تک مختلف ٹورنامنٹس کے پانچ فائنلز میں مدمقابل آئی ہیں، جن میں پاکستان نے تین اور بھارت نے دو بار کامیابی حاصل کی ہے۔