اسلام آباد مارچ ختم کرنے کیلئے حکومت، تحریک لبیک مذاکرات میں پیشرفت

October 12, 2025 · اہم خبریں, قومی

لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک لبیک پاکستان کے لاہور سے اسلام آباد مارچ کو ختم کرنے ہےبحوالے سے حکومت اور مذہبی جماعت کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔ فریقین بعض مطالبات پر متفق ہو گئے ہیں جبکہ دیگر نکات پر بات چیت جاری ہے۔

 

مارچ ہفتہ کو مرید کے پہنچا تھا اور اطلاعات کے مطابق اتوار کو دوپہر تک وہیں تھا۔ مرید کے سے آگے سادھوکی کے مقام پر انتظامیہ نے خندق کھود کر جی ٹی روڈ بند کر رکھا ہے۔ تاہم ہفتہ کی شب مذاکرات شروع ہونے کے بعد کشیدگی میں کمی آئی ہے۔

 

ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومت کی جانب سے رانا ثنا اللہ، خواجہ سلمان رفیق اور علامہ طاہر اشرفی کی مذہبی جماعت کے رہنماؤں سے بات چیت جاری ہے۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران اچھی پیشرفت ہو رہی ہے، فریقین کچھ مطالبات پر آگے بڑھے ہیں، کچھ مطالبات پر بات چیت جاری ہے، حکومت چاہتی ہے کہ مارچ ختم کیا جائے۔

 

دوسری جانب نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کو ٹیلیفون کر کے مذہبی جماعت کے مارچ سے متعلق گفتگو کی۔

 

ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ لیاقت بلوچ نے مریم اورنگزیب سے مطالبہ کیا کہ حکومت پنجاب احتجاج کرنے والوں سے مذاکرات کرے، جس پر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ خواجہ سلمان مذہبی تنظیم کی قیادت سے رابطہ کر رہے ہیں۔

 

ترجمان تحریک لبیک نے بھی اس حوالے سے کہا کہ مذیبی جماعت کی مرکزی کمیٹی کے حکومت پاکستان سے مذاکرات جاری ہیں، تحریک سے وابستہ تمام لوگ مرکز کے فیصلے کا انتظار کریں۔

 

واضح رہے کہ حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات شروع ہونے کے بعد لاہور اسلام اباد موٹروے ایم 2 کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔