راولپنڈی میں ٹیسٹ میچ کے لیے سیکورٹی و ٹریفک پلان تیار
راولپنڈی: پاکستان بمقابلہ ساؤتھ افریقہ ٹیسٹ میچ کے دوران شہریوں اور کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے پولیس نے جامع سیکورٹی و ٹریفک پلان ترتیب دے دیا ہے۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کی ہدایات کے مطابق سیکیورٹی کے لیے 5,500 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ ٹریفک انتظامات کے لیے 367 افسران مختلف اہم مقامات پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔
سینئر افسران فیلڈ میں موجود فورسز کو مسلسل چیک اور بریف کر رہے ہیں۔ سٹیڈیم کے اردگرد چھتوں پر سنائپرز تعینات کیے گئے ہیں اور سیکیورٹی مانیٹرنگ کے لیے الگ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ اور ڈولفن سکواڈز سٹیڈیم اور آس پاس کے علاقوں میں گشت کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔
یہ پلان شائقین اور کھلاڑیوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے بہاؤ کو بھی منظم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔