عوام کی خاطر ناپسندیدہ لوگوں کے ساتھ بھی بیٹھنے کو تیار ہوں ، سہیل آفریدی
پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور عوامی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اپنے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صوبے کے مفاد کی خاطر کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں، تاہم کسی بھی قسم کا دباؤ یا دھمکی قبول نہیں کی جائے گی۔
صوبے کی سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اس حساس معاملے پر وہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کر چکے ہیں اور ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج سیکیورٹی اداروں اور فورسز کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم بیٹھک ہونے جا رہی ہے جس کا واحد مقصد صوبے کے عوام کا تحفظ اور امن کا قیام ہے۔
وزیر اعلیٰ نے خیبر پختونخوا کے نوجوانوں اور عوام کو اعتماد میں لیتے ہوئے واضح کیا کہ میں اپنی ذات یا سیاست کے لیے کبھی کسی کے در پر نہیں جاؤں گا، لیکن جب بات میرے صوبے اور عوام کے حقوق کی آئے گی، تو میں ہر اس شخص کے ساتھ برابری کی سطح پر بیٹھنے کو تیار ہوں جسے میں ناپسند کرتا ہوں۔ عوامی مفاد میرے لیے مقدم ہے۔
اپنے دوٹوک موقف کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بند کمروں کے فیصلے یا دھمکیاں انہیں ان کے راستے سے نہیں ہٹا سکتیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کے نظریے کے بغیر ان سے کوئی بھی بات منوانا محض “خام خیالی” ہے۔ انہوں نے پیغام دیا کہ وہ اپنے نظریے اور قائد کے اصولوں پر سختی سے قائم ہیں۔