برطانوی عدالت میں فلسطینیوں کی بڑی کامیابی ، اسرائیل کے حامیوں کودھچکا
لندن: برطانوی ہائی کورٹ نے اسرائیلی مظالم کے خلاف مؤثر آواز اُٹھانے والی متحرک تنظیم فلسطین ایکشن کے حق میں بڑا فیصلہ دیدیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطین ایکشن نامی سرگرم تنظیم پر برطانوی حکومت نے پابندیاں عائد کی تھیں جس پر گروپ نے عدالت سے رجوع کیا۔
جس پر تین رکنی بینچ نے طویل سماعت کے بعد آج فیصلہ سناتے ہوئے میں کہا کہ فلسطین ایکشن پر حکومتی پابندی غیر قانونی تھی۔
فیصلہ سناتے ہوئے جج وکٹوریہ شارپ نے کہا کہ تنظیم کی سرگرمیوں میں دہشت گردی کا تاثر نہ ہونے کے برابر تھا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ حکومتی پابندی سے آزادیٔ اظہار اور پُرامن اجتماع کے بنیادی حق کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
عدالت نے عندیہ دیا کہ وہ وزیرِ داخلہ کے اس فیصلے کو کالعدم قرار دینے کا حکم جاری کرے گی۔
تاہم برطانوی عدالت نے واضح کیا کہ حکومت کو فیصلے کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہے اس لیے قانونی عمل مکمل ہونے تک تنظیم پر فی الحال پابندی برقرار رہے گی۔
برطانوی وزیرِ داخلہ نے عدالتی فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کے خلاف اپیل کریں گی۔