عمران خان کا علاج نہ کرنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ اورڈاکٹر ذمہ دار ہیں،علیمہ خان

February 14, 2026 · قومی

لاہور: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عدالتی نظام دفن ہو چکا ہے اور عمران خان کی آنکھ کا چھپ کر علاج کروانا قبول نہیں۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان کی دائیں آنکھ میں تین ماہ سے دھندلا پن ہے، اور ملاقات کے دوران ان کی آنکھ سے پانی بھی نکل رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آنکھ کا مناسب علاج نہ کرنے پر جیل سپرنٹنڈنٹ غفور انجم اور ڈاکٹر ذمہ دار ہیں۔

علیمہ خان نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ عمران خان کا علاج صحیح طریقے سے کروایا جائے اور ان کے ذاتی معالج کی موجودگی کو قبول کیا جائے۔ انہوں نے کے پی کے کے تمام ایم این اے، محمود اچکزئی اور ناصر عباس نقوی کے احتجاج پر شکریہ بھی ادا کیا اور عوام سے اپیل کی کہ کے پی کے کے احتجاج کے دوران صبر کریں۔

قبل ازیں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پولیس پر مبینہ تشدد اور سڑک بلاک کرنے کے مقدمے میں علیمہ خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے عبوری ضمانت میں 13 مارچ تک توسیع کر دی اور آج علیمہ خان نے عدالت میں پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔